اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر نے عراق میں حضرت امام حسین علیہ السلام کے اربعین کے موقع پر عزاداروں کے عظیم اجتماع میں امن اور نظم کی برقراری پر عراق کی حکومت اور قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مسئلہ، عراق کی قوم اور حکومت کی جانب سے ایک عظیم طاقت کا مظاہرہ تھا ۔ ارنا کی رپورٹ کےمطابق صدر مملکت حسن روحانی نے کل سہ پہر کو عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری کے ساتھ ملاقات میں عراق میں نسبتا امن و امان کی برقراری پر اطمئنان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی عظیم قوم نے اپنی فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردوں اور جارحین کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور اپنے ملک کا بڑا حصہ ان کے وجود سے پاک کردیا ہے۔ ڈاکٹر روحانی نے تمام شعبوں میں ایران اور عراق کے دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریۂ ایران نے ہمیشہ قومی ، قبائلی اور مذہبی رجحانات سے بالاتر ہوکر عراقی عوام کا ساتھ دیا ہے اور پورے عراق میں امن و استحکام اور اتحاد کے قیام کی حمایت کی ہے۔ ڈاکٹر روحانی نے علاقے کے ملکوں کے درمیان باہمی اتحاد اور تعاون کی ضرورت پرتاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران و عراق کو چاہئے کہ نہ صرف اپنے روابط کو فروغ دیں بلکہ کوشش کریں کہ علاقے کے ملکوں کے درمیان اختلافات کم سے کم ہوجائیں اور عالم اسلام متحد ہوجائے۔عراق کے پارلیمنٹ اسپیکر نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور عراق، متعدد مشترکہ مفادات کے حامل ہیں کہا کہ بغداد، تہران کے ساتھ تعلقات کےمزید مستحکم ہونے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج تمام عراقی اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ کہ جن میں ایران سرفہرست ہے، اچھے تعلقات اور امن وسلامتی کے لئے کوشاں ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲